Friday, April 26, 2024

پہلا ٹیسٹ، پاکستان کے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 160 رنز

پہلا ٹیسٹ، پاکستان کے  ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 160 رنز
August 15, 2021 ویب ڈیسک

جمیکا (92 نیوز) پاک ویسٹ انڈیز پہلا ٹیسٹ،،تیسرے روز کھیل کےاختتام پر پاکستان نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا لیے، کپتان بابر اعظم 54 اور فہیم اشرف 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز پر 124 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ویسٹ انڈیز نے تیسرے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کو آگے بڑھایا تو میزبان ٹیم صرف دو رنز کا ہی اضافہ کر سکی اور پوری ٹیم 253 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

کربیئن ٹیم کی جانب سے کپتان کریگ بریتھویٹ 97 اور جیسن ہولڈر 58 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار اور محمد عباس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے 36 رنز کےخسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ایک بار پھر قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا اور صرف 65 رنز پر چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، عمران بٹ اور فواد عالم کھاتا ہی نہ کھول سکے، عابد علی 34 اور اظہر علی 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ 56رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 121رنز تک پہنچا دیامحمد رضوان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بارش نے بھی کھیل کو متاثر کیا اور دو گھنٹے سے زائد وقت تک میچ روک رہا، آخری سیشن میں کپتان بابر اعظم اور فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور کھیل کے اختتام پر ٹیم کا اسکور 160 رنز تک پہنچا دیا، بابر اعظم 54 اور فہیم اشرف 12 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔