Friday, April 26, 2024

کراچی، گاڑی پر کریکر حملے سے جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی

کراچی، گاڑی پر کریکر حملے سے جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی
August 15, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں بلدیہ ٹائون مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تیرہ ہوگئی ہے، سات افراد زخمی ہیں، کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ چودہ اگست کے حوالے سے دہشتگردی کی اطلاعات تھیں، واقعہ کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ 

بلدیہ ٹائون مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک میں دھماکے کا معاملہ، واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تیرہ ہوگئی جبکہ سات افراد زخمی ہیں۔

کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس کا کہنا ہے کہ متاثرہ فیملی لانڈھی کی رہائشی ہے۔ آبائی تعلق سوات سے ہے۔ معاملے میں ذاتی دشمنی سمیت ہر پہلو کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چودہ اگست کے حوالے سے دہشتگردی کی اطلاعات تھیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکہ آر جی ڈی ون گرنیڈ کی مدد سے کیا گیا۔ روس ساختہ دستی بم منی ٹرک پر پھینکا گیا۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کہا کہ دھماکے میں ہمارے رہنما کی فیملی نشانہ بنی۔ معراج سواتی کی اہلیہ ،نواسی اور ان کی 2 سالیاں جاں بحق ہوئے ہیں۔ حافظ نعیم نے ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

گورنرو وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر رکھی ہے جبکہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔