Friday, April 19, 2024

افغانستان کی صورتحال کے ہم ذمے دار نہیں، فواد چودھری

افغانستان کی صورتحال کے ہم ذمے دار نہیں، فواد چودھری
August 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں، افغانستان کی صورتحال کے ہم ذمے دار نہیں، اسامہ نے امریکا پر ہم سے پوچھ کر بم نہیں مارا تھا۔

فواد چودھری نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ہم طالبان کو مذاکرات کی میز پر لائے، کابل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی حکومت چاہتے ہیں، افغان قیادت کے اثاثے اور خاندان بیرون ملک مقیم ہیں۔

اُنہوں نے کہا افغانستان کے واقعات کا اثر پاکستان پر بھی پڑا، کابل میں ایسی حکومت کے خواہاں ہیں جس پر تمام سیاسی جماعتیں اور عوام متفق ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، پاکستان کا بچاؤ تب ہی ممکن ہے جب ہم قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات پر مبنی جدید مسلم ریاست قائم کریں۔ مزید کہا کہ، افسوس ہے کہ قومی اسمبلی گھریلو تشدد کے حوالے سے بل پاس نہیں کر سکی۔

وزیر اطلاعات بولے کہ، یونیورسٹیز کا جدید ٹیکنالوجی میں اہم کردار ہے، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم کی وزارتوں نے پاکستان کا مستقبل روشن کرنا ہے۔ ملک میں اس وقت 217 یونیورسٹیاں کام کر رہی ہیں، صوبوں اور وفاق کو تعلیم کو آگے لے کر جانے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ، افغان بچوں کو سکالر شپ کی سہولت دی جا رہی ہے، 6 ہزار بچے اس وقت بھی پاکستان میں زیر تعلیم ہیں۔