Thursday, April 25, 2024

طالبان رہنما افغانستان کے صدر اشرف غنی سے بات چیت کیلئے تیار نہیں ، وزیر اعظم

طالبان رہنما افغانستان کے صدر اشرف غنی سے بات چیت کیلئے تیار نہیں ، وزیر اعظم
August 12, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے طالبان رہنما افغانستان کے صدر اشرف غنی سے بات چیت کیلئے تیار نہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کو صرف اس 'گندگی' کے تناظر میں کارآمد سمجھتا ہے جو وہ 20 سال سے جاری لڑائی کے بعد افغانستان میں چھوڑ کر جارہا ہے۔ اس مسئلے کا فوجی حل تلاش کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ اس کا کوئی عسکری حل تھا ہی نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد افغانستان میں طرف داریاں نہیں کر رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں نے فیصلہ کر لیا ہے اب ان کا اسٹریٹیجک پارٹنر بھارت ہو گا اور اسی وجہ سے پاکستان کے ساتھ مختلف طرح سے سلوک کیا جارہا ہے۔ موجودہ صورتحال میں افغانستان میں ایک سیاسی تصفیہ مشکل لگ رہا ہے۔ جب طالبان کسی تصفیے پر پہنچنے کے لیے پاکستان کے دورے پر آئے تھے اس وقت ان کو قائل کرنے کی کوشش کی تھی۔ طالبان رہنماؤں کا کہنا تھا جب تک صدر اشرف غنی موجود ہیں  افغان حکومت سے بات چیت نہیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان واضح کر چکا ہے کہ  افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد ملک میں کوئی امریکی فوجی اڈہ نہیں چاہتے ہیں۔