Friday, March 29, 2024

امیر المومنین سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

امیر المومنین سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے
August 10, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) امیر المومنین سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ محافل اور تقریبات میں مقررین خلیفہ دوم کی سیرت و کردار، بے مثال فتوحات اور ان کے سنہرے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

امیر المومنین حضرت عمر فاروق نے اسلامی مملکت کو فلاحی مملکت بنایا۔ فتوحات، مساوات، عدل و انصاف، مذہبی رواداری، روحانیت، تقویٰ اور بصیرت، یہ تمام صلاحیتیں اور خوبیاں صرف حضرت عمرؓ میں موجود تھیں۔ ہجرت نبوی کے بعد 20 افراد کے ہمراہ اعلانیہ مدینہ ہجرت کی۔ تمام غزوات میں حصہ لیا۔

حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا قبول اسلام حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا کا نتیجہ تھا۔ قبول اسلام کے بعد آپ نے اعلانیہ نماز کا اعلان کیا اور کہا کوئی ہے جس نے بچوں کو یتیم کرانا ہو، بیوی کو بیوہ کرانا ہو، ماں باپ کی کمر جھکانا ہو۔ آپؓ نے محمد رسول اللہ ﷺ کی غلامی قبول کر لی ہے۔ آپؓ کے دور خلافت میں اسلامی سلطنت 22 لاکھ مربع میل تک پھیلی ہوئی تھی۔ آپؓ کے دور میں ایران اور روم کو شکست دی گئی۔

بیت المقدس کی فتح کے بعد آپؓ خود وہاں تشریف لے گئے۔ آپؓ کے دور میں عراق، شام، دمشق، حمس، آذر بائیجان، مصر سمیت درجنوں علاقوں میں اسلام کا پرچم سربلند کیا گیا۔ فوج، پولیس، ڈاک، بیت المال، محاصل، جیل، زراعت، آبپاشی اور تعلیم کے محکموں کا قیام حضرت عمرؓ کے دور میں ہوا۔ تمام محکموں کے افسران اور ملازمین کی تنخواہیں مقرر کی گئیں۔ آپؓ کو سب سے پہلے امیر المومنین کہہ کر پکارا گیا۔

ستائیس ذی الحجہ کو ایرانی مجوسی ابو لولو فیروز نے نمازِ فجر کے دوران حضرت عمرؓ کو چھپ کر خنجر مار کر زخمی کر دیا۔ یکم محرم الحرام 23 ہجری کو امام العدل اور مراد رسول ﷺ شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے اور نبی کریمﷺ کے پہلو مبارک میں ابدی نیند جا سوئے۔