Tuesday, April 23, 2024

سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی ، 31 اگست تک کیلئے نیا حکم نامہ جاری

سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی ، 31 اگست تک کیلئے نیا حکم نامہ جاری
August 8, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی۔ 31 اگست تک کیلئے نیا حکم نامہ جاری کر دیا۔

کاروباری اوقات کار کی اجازت بھی دے دی۔ رات آٹھ بجے تک کاروبار کیا جا سکے گا۔ جمعہ اور اتوار سیف ڈے کے طور پر منایا جائے گا۔ حکم نامے کے مطابق ان ڈورڈائننگ پر پابندی ہو گی۔ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 10 بجے تک اجازت ہو گی۔

سندھ حکومت نے کھلے مقامات پر رات 10 بجے تک شادی کی تقریبات کرنے کی اجازت بھی دے دی جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ پر سے بھی پابندی اٹھا لی۔ انڈور جم میں داخلہ ویکسین سے مشروط کر دیا۔ نیا حکم نامہ 31 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔

صوبائی حکومت نے کورونا صورت حال کے باعث صوبے بھر میں اسکول 19 اگست تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا جبکہ انٹرمیڈیٹ کے بقیہ امتحانات کا آغاز 10 اگست سے ہو گا۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ عاشورہ کے بعد صورت حال کا جائزہ لے کر تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے مطابق  10 اگست کو باٹنی اور11 اگست کو زولوجی کا ملتوی شدہ پرچہ لیا جائے گا جبکہ 12 اگست کو اکنامکس کا پرچہ ہو گا۔ 13 اگست سے پرچے سابقہ شیڈول کے تحت امتحانی مراکز پر ہی لیے جائیں گے۔ نویں اور دسویں جماعت کے ملتوی شدہ پریکٹیکل امتحانات 9 اگست سے 17 اگست تک ہوں گے۔