Friday, April 26, 2024

سندھ میں لاک ڈاؤن کل سے ختم کرنے کا فیصلہ

سندھ میں لاک ڈاؤن کل سے ختم کرنے کا فیصلہ
August 8, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سندھ میں لاک ڈاؤن کل سے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

این سی او سی حکام اور سندھ حکومت کی کراچی میں مشترکہ بیٹھک ہوئی۔ وفاقی وزیر اسدعمر ،وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ ، لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان، میجر جنرل محمود اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں نو اگست سے سندھ میں لاک ڈائون اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ این سی او سی کے مطابق کراچی اور حیدرآباد سمیت زیادہ شرح والے تیرہ شہروں میں سخت ایس او پیز کااطلاق ہوگا۔ اسکول کھولنے اور باقی امتحانات کا فیصلہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں ہوگا۔

اجلاس میں سندھ خصوصاً کراچی کی کورونا صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر چھٹے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے۔

ملک میں ڈیلٹا ویرینٹ کی لہر جاری ہے جو کراچی میں زیادہ ہے۔ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح میں تین فیصد کمی آئی ہے،مثبت کیسز کی شرح اب اکیس فیصد ہے۔

کراچی میں بارہ سو دس مریض تشویشناک حالت میں ہیں، جو ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

کراچی میں اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ بتایا گیا کہ آزاد جموں کشمیر میں مثبت کیسزعروج پر ہیں، مثبت کیسز کی شرح چھبیس فیصد ہے۔ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن رفتار سست ہے۔

اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے کورونا ویکسی نیشن بڑھانے کو سراہا گیا۔

بتایا گیا کہ سندھ حکومت نے اکتیس جولائی سے آٹھ اگست تک کورونا پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کیے ہیں۔ اجلاس میں کوآرڈی نیشن بڑھانے پر زور دیا گیا۔