Wednesday, April 24, 2024

مبشر کھوکھر کی نمازجنازہ آبائی گاؤں مانووالہ میں ادا

مبشر کھوکھر کی نمازجنازہ آبائی گاؤں مانووالہ میں ادا
August 7, 2021 ویب ڈیسک

مانووالہ (92 نیوز) مبشر کھوکھر کی نمازجنازہ آبائی گاؤں مانووالہ میں ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی شرکت ہوئی۔

بھائی کے قتل کے باعث نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کی تقریب حلف برداری ملتوی کر دی گئی۔

ادھر نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے قتل کے معاملے پر ملزم ناظم نےانکشاف کیا ہے کہ وہ شادی کی تقریب میں سوا آٹھ بجے پہنچا اور اسے سکیورٹی کے کسی بندے نے چیک نہیں کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار تقریب سے واپس جانے لگے تو تینوں بھائی انکے ساتھ تھے اور وہ بھی وزیراعلی کے ساتھ ہی مارکی سے باہر آ گیا۔ وزیراعلی کے گاڑی میں بیٹھتے ہی ملزم ناظم نے مبشر کھو کھر پر فائرنگ کر دی۔

دوسری طرف پولیس ،اسپیشل برانچ اور وزیراعلی آفس ناقص سیکورٹی کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنے لگے۔ ذرائع کے مطابق 8 کلب کے ایس پی سکیورٹی  تقریب کی جگہ پرموجود ہی نہیں تھے جبکہ اسپیشل برانچ کے اہلکاروں نے بھی سراغ رساں کتوں  سے پنڈال کو  چیک نہیں کیا۔

ایس پی موارہن خان کا کہنا ہے تقریب میں واک  تھرو پہنچانے کا ٹائم ہی نہیں ملا ،15 سو سے زائد مہمان مدعو تھے۔ جلدی میں سب کو چیک کرنا ناممکن تھا۔ وزیر اعلی پنجاب کی آمد کا صرف ایک گھنٹہ پہلے بتایا گیا ۔ وزیراعلی پنجاب نے نجی دورے پر ولیمے میں شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق ملزم ناظم نے دو سال قبل بھی اجرتی قاتلوں سے مبشر علی کھوکھر پر قاتلانہ حملہ کروایا تھا جس میں انکی گاڑی کو نقصان پہنچا تھا۔ اس واقعے کے بعد مبشر کھوکھر گاؤں چھوڑ کر ڈیفنس شفٹ ہو گئے تھے۔