Friday, March 29, 2024

او آئی سی کا مستقل آزاد کمیشن برائے انسانی حقوق 2 روزہ دورے پر مظفر آباد روانہ

او آئی سی کا مستقل آزاد کمیشن برائے انسانی حقوق 2 روزہ دورے پر مظفر آباد روانہ
August 6, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) او آئی سی کا مستقل آزاد کمیشن برائے انسانی حقوق 2 روزہ دورے پر مظفر آباد روانہ ہو گیا۔

وفد کے 13 ارکان میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، تیونس، مراکش، آذربائیجان، ملائشیاء، گیبن، نائیجیریا اور یوگنڈا کے ارکان شامل ہیں۔ وفد صدر آزاد کشمیر، کل جماعتی حریت کانفرنس کے ارکان، کشمیری مہاجرین اور اقوام متحدہ  فوجی مبصر مشن حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔ وفد کل لائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کرے گا۔

روانگی سے قبل آذربائیجان کے ڈاکٹر ایدین صفی خان علی نے کہا کہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یہ بتانے جا رہے ہیں کہ وہ اکیلے نہیں بلکہ تمام اسلامی ممالک ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انہیں دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔

دو سال سے او آئی سی نے اپنے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کرنے اور زمینی حقائق جاننے کا کام سونپ رکھا ہے لیکن بھارت مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم کو دورہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ حتی کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے بعد اپنے سیاست دانوں کو بھی مقبوضہ وادی کا دورہ کر نے سے روک دیا تھا۔