Thursday, March 28, 2024

وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس، نیشنل ایکشن پلان میں تبدیلی کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس، نیشنل ایکشن پلان میں تبدیلی کا فیصلہ
August 5, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس ہوئے، وزرا، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی، حکومت نے نیشنل ایکشن پلان میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔

نیشنل ایکشن پلان کو موجودہ صورتحال کے مطابق مزید مؤثر بنایا جائے گا، جاسوسی، تخریب کاری اور سائبر سکیورٹی سے نمٹنے کیلئے تبدیلی کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کی اہم بیٹھک ہوئی، اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملک کی امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، 2014 کے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کامیابیوں پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بین الصوبائی بارڈر کمیٹی بنائی جائے گی جو سروے آف پاکستان 2020 کو لیکر سرحدی تنازعات حل کرے گی۔ بین الصوبائی سرحدی علاقوں میں سول اور پولیس انتظامیہ کو مضبوط بنایا جائے گا، اجلاس میں 5 سالہ سماجی اور اقتصادی ترقی کے پلان کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے مسلح افواج، پولیس اور سول آرمڈ فورسز کی قربانیوں اور کردار کی تعریف کی۔

اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں ملکی داخلی اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر مشاورت کی گئی، وزیراعظم نے گفتگو میں کہا کہ پاکستان پر امن افغانستان کا خواہش مند ہے، افغانستان کے داخلی معاملات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، پر امن افغانستان کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔

دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان پالیسی پر وزرا کو پالیسی بیان جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پاکستان کے خلاف عالمی میڈیا کے محاذ پر مؤثر جواب دینے کیلئے بھی حکمت عملی طے کی گئی ہے، اس حولے سے وزیراعظم نے وزیراطلاعات کو عالمی میڈیا پر پاکستان کے بھرپور مؤقف لانے کا ٹاسک دے دیا ہے۔