Friday, April 26, 2024

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، پی ٹی آئی کے تینوں امیدوار کامیاب

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، پی ٹی آئی کے تینوں امیدوار کامیاب
August 2, 2021 ویب ڈیسک

مظفرآباد (92 نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا، خصوصی نشستوں پر پی ٹی آئی کے تینوں امیدوار کامیاب رہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی سیٹوں کی تعداد 32 ہوگئی۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 45 براہ راست 8 مخصوص نشستوں کے انتخابات مکمل ہوگئے۔ 53 نشستوں کے ساتھ ایوان پورا ہو گیا۔

تحریک انصاف 32 کے ساتھ پہلے، پیپلزپارٹی 12 نشستوں کے ساتھ دوسرے، مسلم لیگ ن سات نشستوں کے ساتھ تیسرے جبکہ مسلم کانفرنس اور جموں وکشمیر پیپلزپارٹی ایک ایک نشست حاصل کرسکیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے ٹیکنو کریٹ، علماء مشائخ اور اورسیز پاکستانی تینوں نشستوں پر بھی میدان مار لیا۔ قانون ساز اسمبلی میں تین مخصوص نشستوں پر آج پولنگ ہوئی۔ 45 میں سے 41 نو منتخب ممبران اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے محمد مظہر سعید 27 ووٹ لے کر علماء و مشائح نشست پرکامیاب ہوگئے، ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیداوار صاحبزادہ سلیم چشتی نے 13 جبکہ پیپلز پارٹی کے فضل الرسول طاہر نے ایک ووٹ حاصل کیا۔

ٹینکوکریٹ کی سیٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے رفیق نئیر 27 ووٹ لے کر کامیاب قرارپائے۔ مدمقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار ذوالفقار علی کو 14 ووٹ ملے۔

سمندر پار پاکستانیوں کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے محمد اقبال 27 ووٹ جبکہ مد مقابل پی پی کے امیدوار حافظ طارق محمود نے 14 ووٹ حاصل کیے۔

واضح رہے کہ خواتین کی 3 مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کی تین مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی ایک ایک ممبر اسمبلی بلا مقابلہ منتخب ہو چکی ہیں۔