Thursday, April 25, 2024

فلسطین اور کشمیر مسائل کا حل سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت چاہتے ہیں، شاہ محمود

فلسطین اور کشمیر مسائل کا حل سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت چاہتے ہیں، شاہ محمود
August 2, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں، پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے مسئلوں کا، حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمان کی قیادت میں وفد نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی، وزیر خارجہ نے عرب پارلیمانی وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا، بھارتی پالیسیوں کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات کے متعلق بھی بتایا۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، اتحاد امہ میں مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں امن کے لئے فلسطین کے مسئلہ کے منصفانہ حل کو ناگزیر سمجھتے ہیں۔ ہماری اقتصادی ترجیحات میں روابط کا فروغ، تعمیر و ترقی میں شراکت داری اور امن و استحکام کیلئے کاوشیں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی پالیسیوں کے باعث خطے کے امن کو خطرات درپیش ہیں۔ مزید کہا کہ، پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے مسئلوں کا، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں پرامن حل کا خواہاں ہے۔

شاہ محمود نے مزید کہا، ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے اُٹھائے گئے، 5 اگست 2019 کے یک طرفہ، غیر آئینی اقدامات کی پرزور مذمت کرے۔