Saturday, April 20, 2024

ن لیگ اور شین لیگ میں مفاہمت کی لڑائی ہے، شیخ رشید

ن لیگ اور شین لیگ میں مفاہمت کی لڑائی ہے، شیخ رشید
August 2, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید کہتے ہیں، ن لیگ اور شین لیگ میں مفاہمت کی لڑائی ہے۔

سوموار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کی سیاست ختم ہوگئی۔

اُنہوں نے کہا، شہبازشریف ماضی کو بھلا کر آئے، پہلی بسم اللہ ووٹنگ مشین سے کریں۔ اپوزیشن سے بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے، ن لیگ کو نقصان اس کی پالیسیوں کی وجہ سے ہوا۔

اُن کا کہنا تھا، پانچ اگست کو کشمیریوں سے یکجہتی کےلئے یوم استحصال منایا جائے گا، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے علاوہ ٹریفک روک دی جائے گی۔

وزیرداخلہ بولے کہ، افغانستان کی ٹیم سفیر کی بیٹی کی تحقیقات کے لئے پاکستان پہنچ گئی، اسلام آباد پولیس انکے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ طور خم بارڈر پر پورا نظام نصب کررہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا، افغانستان سے ابھی تک مہاجرین کا کوئی بہاؤ نہیں، جعلی شناختی کارڈ بنانے والے نادرا میں نہیں رہیں گے۔ سفارشی لوگوں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے، کرپشن ختم کرنے کے لئے آن لائن ویزہ شروع کیا ہے، غیر ملکی مقیم افراد ایک مہینے تک ویزے میں توسیع لے لیں۔

شیخ رشید نے کہا، سرحدوں پر پاک فوج موجود ہے، طالبان کی اندرونی سیاست پر کوئی بیان نہیں دے سکتا، پاکستان میں کوئی طالبان ہیں نہ ہی آ رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، چین عظیم دوست ملک، ہر برے وقت میں ساتھ دیا، چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی حاصل ہے، داسو ڈیم پر کچھ نہیں کہہ سکتا، تحقیقات آگے بڑھی ہے۔

اُنہوں نے کہا، پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں پر یقین رکھیں، اسلام آباد میں سارے ناکے ختم کردیئے ہیں، ڈپلومیٹک انکلیو میں خصوصی کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا۔

وزیرداخلہ نے کہا، کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ہولی فیملی اسپتال میں اقدامات اٹھا رہے ہیں، ایف آئی اے، سائبر کرائم، نادرا میں روٹیشن مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ بیرون ملک تعینات افسر ایک مہینے تک واپس نہ آئے تو نوکری سے فارغ کردیں گے۔

شیخ رشید نے مزید کہا، نور مقدم کیس کی شہادتیں پوری ہیں امید ہے ملزم کو سزائے موت ہوگی، ملزم جعفر کی جس جس سے بات ہوئی ان سب کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔