Tuesday, March 19, 2024

بھارتی ڈیلٹا ویئرنٹ انتہائی خطر ناک، بروقت فیصلوں سے عوام کو کورونا سے بچالیا، وزیراعظم

بھارتی ڈیلٹا ویئرنٹ انتہائی خطر ناک، بروقت فیصلوں سے عوام کو کورونا سے بچالیا، وزیراعظم
August 1, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر چل رہی ہے۔ بھارتی ڈیلٹا ویئرنٹ انتہائی خطر ناک ہے۔ بروقت فیصلے کرکے ہم نے عوام کو کورونا سے بچا لیا۔

وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا پاکستان نے سب سے بہترین طریقے سے معشیت اور وباء سے لوگوں کو بچایا۔ قوم نے بھی وباء کے دوران بہت تعاون کیا۔ پاکستان کے سوا دنیا بھر میں مسجدیں بند کردی گئیں۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن کا فیصلہ بالکل ٹھیک ہے۔ دیکھنا یہ ہوگا کیا لاک ڈاؤن سے بھوک کم ہو گی، غریب کیسے گزارا کرے گا۔ ماسک پہننے سے 60 سے 70 فیصد کورونا پھیلنے سے رک جاتا ہے۔ جہاں بھی زیادہ لوگ ہوں وہاں پر ماسک پہنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے لاک ڈاؤن لگا کر اپنی تباہی کر لی۔ بھارت نے صرف ایلیٹ کلاس کا سوچا۔ بچے بھوکے ہوں تو لاک ڈاؤن نہیں لگایا جا سکتا۔ بڑا سوچ سمجھ کر صورتحال سے نکلنا ہوتا ہے۔

عمران خان بولے کہ اب تک 3 کروڑ لوگوں کو ویکسین لگا چکے ہیں۔ کورونا سے نجات کا واحد حل ویکسین ہے۔ ویکسین لگائے بغیر اسکول بھی نہ کھولے جائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نور مقدم کیس سے بڑا دکھ ہوا، دل بہت غمگین ہے۔ قتل کے اس خوفناک کیس کے ہر پہلو کو خود دیکھ رہا ہوں۔ کوئی کتنا ہی طاقتور ہو، سزا ملے گی۔ افغان سفیر کی بیٹی کے کیس کو بھی ایسے فالو کیا جیسے اپنی بیٹی کا کیس ہو۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 40 فیصد نچلے طبقے کے لوگوں کو براہ راست سبسڈی دیں گے۔ معذور افراد کو تمام محکموں میں کوٹہ ملنا چاہئے۔ اسپورٹس کو جو ٹائم دینا چاہئے تھا وہ نہیں دے سکا۔ شروع سے ہی مسائل میں گھر گیا۔ معشیت سمیت دیگر امور پر بہت زیادہ توجہ چلی گئی۔

انہوں نے مزید کہا پاکستانی ذہن نشین کر لیں کرپٹ معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ پہلی بار نیب نے بڑے لوگوں کو پکڑا جس پر چیخیں نکل رہی ہیں۔ وزیر اعظم کرپشن کرے گا تو نیچے تک کرپشن جاتی ہے۔ دو خاندانوں نے ملک میں تباہی کی۔ ملک کو بے شرمی اور بے دردی سے لوٹا گیا۔ بڑے ادارے سیاسی بھرتیوں کی وجہ سے تباہ ہوئے۔ آزاد کشمیر میں سیاسی بھرتیوں پر نظرثانی کریں گے۔

وزیراعظم نے شہروں کا نیا ماسٹر پلان بنانے کا اعلان کیا۔ بولےاسلام آباد سے مری تک تعمیرات ہو گئیں، راوی گندے نالے میں بدل گیا ، کراچی میں بنڈل آئی لینڈ کا سوچا لیکن سندھ حکومت بنانے نہیں دے رہی۔ لاہور میں کچھ عرصہ بعد ٹینکر مافیا آجائے گا۔

وزیراعظم نے کہا پنشن اتنی بڑھ گئی ہیں کہ زیادہ تر بجٹ پنشن میں چلا جاتا ہے۔ آزاد کشمیر میں ایڈہاک پر بھرتی ملازمین کو ریگولر کر دیا گیا۔ ہماری حکومت آگئی ہے سب سیاسی بھرتیوں کو ری ویو کریں گے۔ انہوں نے کہا ہر پاکستانی ہو سکے تو ایک درخت ضرور لگائے۔ ڈیم نہ بنانے کا نقصان ہوا، دس ڈیم بن گئے تو کسانوں کو دوگنا پانی ملے گا۔ پہلی بار بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی۔