Saturday, April 27, 2024

کراچی اور سندھ کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کے دوسرے روز بھی کاروباری مراکز بند

کراچی اور سندھ کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کے دوسرے روز بھی کاروباری مراکز بند
August 1, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی اور سندھ کے مختلف شہروں میں آج لاک ڈاؤن کا دوسراروز ہے، تمام کاروباری مراکز مکمل بند ہیں، پولیس اہلکار حکومتی احکامات پر عملدر آمد کیلئے سرگرم ہیں، جگہ جگہ ناکے برقرار ہیں، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔

حیدرآباد شہر میں بازار اور مارکیٹیں مکمل بند ہیں، ریشم بازار، شاہی بازار، بوہری بازار، صدر بازار، جامعہ کلاتھ مارکیٹ سمیت شہر کے تمام تجارتی و کاروباری مراکز مکمل بند ہیں۔

لاک ڈاؤن کے سبب شاہراہوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ میں چلنے والی بسیں اور ویگنیں بھی بند ہیں۔ کریانہ کی دکانیں، ڈیری، بیکری، میڈیکل اسٹورز اور پٹرول پمپس کھلے ہیں۔

سکھر شہر میں دوسرے روز بھی لاک ڈاؤن ہے، تجارتی و کاروباری مراکز میں دکانیں نہ کھل سکیں، مکمل ویرانی ہے۔ سڑکوں پر بھی ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہے۔

شہر بھر میں میڈیکل اسٹور، دودھ، دہی اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت ہے۔