Tuesday, April 23, 2024

پٹرول 1.71 روپے مہنگا، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا

پٹرول 1.71 روپے مہنگا، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا
July 31, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے پٹرول کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی۔ پٹرول کی قیمت میں 1 روپے 71 پیسے اضافہ کردیا گیا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 119 روپے 80 پیسے فی لٹر ہوگئی۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

حکومت نے جولائی میں دوسری مرتبہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا۔ اوگرا کی سفارش پر حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 1.71 روپے فی لٹر اضافہ کر دیا، اضافے کے بعد پٹرول 119 روپے 80 پیسے فی لٹر دستیاب ہوگا، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 84 روپے 67 فی لٹر پر برقرار ہے، مٹی کے تیل کی قیمت 85 روپے 75 پیسے رہے گی۔

معاون خصوصی شہباز گل نے بتایا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لئے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ 26 جولائی کے ڈیٹا کے مطابق دنیا میں 27 ممالک میں پٹرول کی قیمت پاکستان سے کم اور 140 ممالک میں پاکستان سے زیادہ ہے۔

اُنہوں نے کہا، دنیا میں پٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لٹر لیکن پاکستان میں پٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لٹر ہے۔ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات میں 47 فیصد اضافہ ہوا لیکن پاکستان میں 11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے پرشہری پھٹ پڑے، کہتے ہیں کہ صرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔ع