Friday, April 26, 2024

سندھ میں آج سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن، مارکیٹیں، بازار، سرکاری دفاتر بند، امتحانات ملتوی

سندھ میں آج سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن، مارکیٹیں، بازار، سرکاری دفاتر بند، امتحانات ملتوی
July 31, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) سندھ میں آج سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا، تمام مارکیٹیں، بازار، سرکاری دفاتر بند جبکہ امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔

کراچی میں لاک ڈاون کے پہلے دن پولیس نے جگہ جگہ ناکے لگالئے۔ پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑکیں بند کردی ہیں۔ امتحانات بھی ملتوی کردیئے۔

سرکاری دفاتر بھی بند کردیئے گئے ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کو ناکوں سے آگے جانے نہیں دیا جا رہا۔ پولیس اہلکار بسوں اور سوزوکیوں سے مسافروں کو اتار رہے ہیں۔

رکشوں اور ٹیکسیوں کو بھی ناکوں سے آگے نہیں جانے دیا جا رہا۔ سڑکوں پر رکاوٹوں کی وجہ سے مصروف شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔ ضروری کام سے گھروں سے نکلنے والے شہری ٹریفک جام میں پھنس گئے ہیں۔

شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل بھی دیکھائی نہیں دے رہا، سماجی فاصلوں کا تو بالکل بھی خیال نہیں رکھا جارہا۔ بیشتر شہریوں نے ماسک بھی نہیں لگایا ہوا۔

شہر کی تقریبا سب ہی چھوٹی بڑی مارکیٹس بند ہیں۔

دوسری جانب ویکسی نیشن مراکز پر ویکسین لگوانے کے لیے آنے والے شہریوں کا رش لگ گیا۔