Wednesday, April 24, 2024

شاہ محمود قریشی کی بحرینی ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ اہم اُمور پر تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی کی بحرینی ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ اہم اُمور پر تبادلہ خیال
July 29, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی منامہ میں بحرین کے وزیر داخلہ شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ سے ملاقات ہوئی۔ دو طرفہ تعلقات اوردو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بحرینی وزیر داخلہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بحرین آمد پر خوش آمدید کہا۔ وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے دوران بحرین حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

شاہ محمود قریشی نے دوران گفتگو کہا، پاکستان اور بحرین کے مابین یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار، گہرے برادرانہ مراسم ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے وزارت داخلہ بحرین کی جانب سے ویزہ ایمنسٹی سکیم، جرمانوں میں چھوٹ، ملزمان کی حوالگی اور وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

بحرینی وزیر داخلہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی تعریف کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور بحرین کے مابین مضبوط دفاعی و سکیورٹی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے معاونت کا باعث قرار دیا۔