Thursday, April 25, 2024

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش ، نشیبی علاقے ڈوب گئے

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش ، نشیبی علاقے ڈوب گئے
July 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام اباد (92 نیوز) مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے ڈوب گئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید بارش سے فلیش فلڈ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ شہر کے مختلف علاقے زیر آب آ گئے۔ سیکٹر ای الیون اور ڈی 12 میں سڑکوں پر پانی جمع  ہو گیا۔ پانی کے ریلے میں گاڑیاں بہہ گئیں۔ کئی علاقوں میں عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

راولپنڈی کے نالہ لئی سے بھی چالیس ہزار کیوسک کا ریلا گزرا ۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ ہزارہ کالونی، جاوید کالونی، آریہ محلہ میں سیلابی پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کو طلب کر لیا گیا۔ پاک فوج کی ٹیمیں کشتیاں لے کر نالہ لئی کے کناروں پر پہنچ گی۔ واسا راولپنڈی کے مطابق ہیوی مشینری بھی نشیبی علاقوں میں پہنچا دی گئی ہے۔

راولپنڈی میں اب تک 125 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہو چکی ہے۔ آئیسکو کے مطابق شدید بارش کے باعث بجلی کی سپلائی فراہم کرنے والے 40 سے زائد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈی سی اسلام آباد نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں سڑکوں اور نالیوں کی صفائی میں مصروف ہیں۔ اُنہوں نے شہریوں سے کچھ گھنٹے تک یر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔