Wednesday, April 24, 2024

افغان مسئلے کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے ، وزیراعظم عمران خان

افغان مسئلے کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے ، وزیراعظم عمران خان
July 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے افغان مسئلے کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں خانہ جنگی کے خدشات ہیں۔ سیاسی تصفیہ ہی افغانستان کے مسئلے کا حل ہے۔ اگر سیاسی تصفیہ نہیں ہوتا تو افغانستان میں سول وار ہو سکتی ہے اور یہ ایک  بھیانک صورتحال ہو گی۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم  نے کہا کہ  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا۔ ہماری معیشت کو 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ ہم اب کسی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ پاکستان  مزید افغان مہاجرین کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا جارہا ہے۔ پاکستان کا موقف واضح ہے کہ امریکا اور طالبان مذاکرات کی میز پر آئیں۔ امریکا اور طالبان کو ایک میز پر لانے کے لیے ہم نے کردار ادا کیا۔ افغان عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس قسم کی حکومت چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب افغانستان میں ڈیڑھ لاکھ نیٹو فوج تھی، وہ  سیاسی حل نکالنے کیلئے مناسب وقت تھا۔ جب افغانستان سے انخلا کی تاریخ دی گئی تو طالبان نے سوچا کہ وہ جنگ جیت گئے، اب مشکل ہے کہ طالبان کو کسی سیاسی حل کی طرف لایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  خواتین کے لباس سے متعلق میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ اسلام خواتین کو عزت و احترام دیتا ہے۔ پردے کا حکم  صرف خواتین کے لیے نہیں  مردوں کے لیے بھی ہے۔ اسلام میں پردے کا مقصد بگاڑ کو روکنا ہے۔