Friday, March 29, 2024

پاکستان کے عدالتی نظام بارے رپورٹ ناقابل قبول ہے، دفتر خارجہ

پاکستان کے عدالتی نظام بارے رپورٹ ناقابل قبول ہے، دفتر خارجہ
July 27, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے پاکستان کے عدالتی نظام بارے رپورٹ غیر معقول، غیر ضروری تبصرہ ناقابل قبول ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستان میں سرمایہ کاری، عدالتی نظام بارے گمراہ کن رپورٹ پر وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا، پاکستان میں عدلیہ آزاد، عدالتیں آئین اور قوانین کے مطابق کام کر رہی ہیں، امریکی محکمہ خارجہ کے حقائق کے برعکس، غلط، گمراہ الزامات مسترد کرتے ہیں، پاکستانی عدلیہ پر کسی قسم کے دباؤ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا، پاکستانی جمہوری حکومت ریاستی طاقت کی انتظامیہ، مقننہ اور عدلیہ میں تقسیم پر یقین رکھتی ہے۔ امریکی رپورٹ میں بے بنیاد دعوے، ہر سطح پر پاکستانی عدلیہ کے لاتعداد فیصلوں کے منافی ہیں۔ عدلیہ کے متعدد فیصلے ازخود عدالتی آزادی کے اعلیٰ معیارات کے عکاس ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا، رپورٹ نے پاکستان کی کاروباری، سرمایہ کاری ماحول میں بہتری کے لیے پیشرفت، اصلاحات کا اعتراف کیا۔ پاکستان نے وبائی دور کے انتہائی مشکل حالات کے باوجود اصلاحات یقینی بنائیں۔

اُنہوں نے کہا، رپورٹ میں پاکستان کے ریگولیٹری فریم ورک میں سقم، غیرمصدقہ ذرائع سے نتائج اخذ کیے گئے، پاکستان کیلئے امریکا سمیت عالمی برادری سے معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری شعبوں میں باہمی تعاون ترجیح ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا، پاکستان مجموعی معاشی صلاحیت کے حقیقی ادراک کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔