Thursday, March 28, 2024

پاکستان اور سعودی عرب کا اعلیٰ سطح روابط جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب کا اعلیٰ سطح روابط جاری رکھنے پر اتفاق
July 27, 2021 ویب ڈیسک

ریاض (92 نیوز) سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا دورہ پاکستان، وزیرخارجہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی اور خطے کی صورتحال پر بات چیت، اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

سعودی عرب کے وفد کی قیادت، شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی۔ مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے۔

مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا، پاک سعودی سپریم کورڈینیشن کونسل کا قیام اور اس ڈھانچے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب ثقافتی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، اُمید ہے سعودی عرب پاکستانیوں کے ویزا پابندیوں پر نظر ثانی کرے گا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ہم ادارہ جاتی بنیادوں پر باہمی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ تنازعات کو مذاکرات سے حل پر زور دیتے ہیں، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لئے سلامتی کنجی ہے، جموں و کشمیر فلسطین سمیت تمام مسائل پر بات ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب کی علاقائی و عالمی فورمز پر پاکستان کے موقف کی حمایت قابلِ ستائش ہے، او آئی سی کنٹکٹ گروپ برائے جموں و کشمیر میں سعودی عرب کے مثبت کردار پر سعودی قیادت کے شُکر گزار ہیں۔