Friday, April 26, 2024

سندھ ٹاسک فورس کا اجلاس ، تمام سبزی منڈیوں میں داخلے کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار

سندھ ٹاسک فورس کا اجلاس ، تمام سبزی منڈیوں میں داخلے کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار
July 27, 2021

کراچی (92 نیوز) کورونا وائرس سے متعلق سندھ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ سندھ میں تمام سبزی منڈیوں میں داخلے کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی۔

سندھ میں کورونا وائرس کے وار میں تیزی آ گئی۔ کراچی میں وائرس پنجے گاڑنے لگا۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ رفقا کے ساتھ سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔ صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔

سیکریٹری صحت کاظم جتوئی نے بتایا کہ صوبے بھر میں مثبت کیسز کی شرح بارہ اعشاریہ سات فیصد ہو گئی ہے جبکہ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح چھبیس اعشاریہ بتیس فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ حیدرآباد میں بھی مثبت کیسز کی شرح دس فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ سخت پریشانی کی بات ہے کہ کورونا وائرس بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ لیبر کے تین اسپتالوں، پولیس اسپتال میں کورونا وارڈ بنانے کی ہدایت کی۔ سروسز اور کورنگی اسپتال میں ٹینٹ لگا کر کوویڈ مریضوں کیلئے انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی۔ سرکاری اسپتال لیاقت آباد اور نیو کراچی اسپتال کو بھی کوویڈ سہولیات کیلئے تیار کرنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے صوبے کی تمام سبزی منڈیوں میں داخلے کیلئے کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دے دی۔ وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے کہا کہ سبزی منڈیوں میں کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ اور ماسک کے بغیر داخلہ پر پابندی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اجناس، ادویات ، کھاد اور بیج کی دکانداروں کے پاس کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر دکانیں سیل کر دیں گے۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ شہری کورونا ویکسین لگوائیں،  افواہوں پر دھیان نہ دیں ، کوئی سائیڈ افکیٹس نہیں ہیں ۔