Friday, April 19, 2024

کشمیری ڈسکہ کی دھند بننے دیں گے نہ کسی کو ووٹ یا عملہ اغوا کرنے دیں گے ، مریم اورنگزیب

کشمیری ڈسکہ کی دھند بننے دیں گے نہ کسی کو ووٹ یا عملہ اغوا کرنے دیں گے ، مریم اورنگزیب
July 23, 2021

اسلام اباد (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کشمیری ڈسکہ کی دھند بننے دیں گے نہ کسی کو ووٹ یا عملہ اغوا کرنے دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے آزاد جموں وکشمیر الیکشن سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا عمران خان اور ان کے کارندے فسطائی ، آمرانہ اور ووٹ چوری کے ہتھکنڈوں سے باز رہیں۔ آزاد جموں وکشمیر میں ووٹ چوری کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے بھرپور نگرانی کی جائے گی۔ پورے آزادجموں وکشمیر میں انتخابات کے دن نگرانی کے لئے مبصر ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ مسلم لیگ (ن) نے الیکشن ڈے مانیٹرنگ کی حکمت عملی تیار کر لی۔ پارٹی رہنماوں اور کارکنان کوالیکشن ڈے مانیٹرنگ کے لئے ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں۔ ایک مرکزی سپیشل مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جو الیکشن ڈے پر چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کرے گا۔

 مریم اورنگزیب نے کہا پارٹی کے رہنما اور کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں تمام صورتحال سے مانیٹرنگ سیل کو آگاہ رکھیں گے۔ مانیٹرنگ ٹیموں کے علاوہ قانونی امداد کے لیے لیگل ٹیمز بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ آزاد جموں وکشمیر کے عوام ڈسکہ کی دھند بننے دیں گے اور نہ کسی کو ووٹ یا الیکشن عملہ اغوا کرنے دیں گے۔ آزاد جموں وکشمیر کا ہر شہری نہ صرف ووٹ دے گا بلکہ اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کرے گا۔

ادھر خواجہ سعد رفیق نے کہا الیکشن کمیشن وفاق کی مداخلت روکنے میں کامیاب رہا تو الیکشن مسلم لیگ ن کا ہے۔ کشمیری اچھی طرح سمجھتے ہیں ووٹ کا حقدار کون ہے۔ انہوں نے کہا آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن سے ملک چلایا جا رہا ہے۔