Friday, April 19, 2024

سکھر میں طوفانی بارش سے ہر طرف پانی پانی،، نشیبی علاقے زیر آب آگئے

سکھر میں طوفانی بارش سے ہر طرف پانی پانی،، نشیبی علاقے زیر آب آگئے
July 22, 2021

سکھر (92 نیوز) سکھر میں طوفانی بارش سے ہر طرف پانی پانی ہو گیا۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

سکھر میں 2 گھنٹے کی بارش نے شہر کا نقشہ ہی تبدیل کر دیا۔ پرانا سکھر ، روہڑی اور دیگر علاقوں کی گلیاں سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ رات گئے سکھر میں شروع ہونے والی بارش سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ گلیوں محلوں میں سیوریج لائنیں چوک ہو گیئں۔ برساتی پانی کے ڈرینج نہ ہونے سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ سکھر میونسپل کارپوریشن ، نساسک اور دیگر متعلقہ ادارے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود صورتحال میں بھتری نہ لا سکے۔

سکھر میں بارش اور پانی جمع ہونے کے سبب کئی علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی چل نہ سکی۔

وزیر بلدیات ناصر شاہ نے گذشتہ رات دیر گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا مگر انتظامیہ صبح سے لیکر تاحال برساتی پانی کی نکاسی میں ناکام رہی ہے۔

سکھر میں ہونے والی بارشوں کے دوران وفاقی وزارت توانائی کے ماتحت سیپکو کی کارکردگی کا پول بھی کھل گیا۔ رات سے سکھر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

سکھر کے کچھ علاقوں میں بجلی کے پول گرگئے۔ کرنٹ لگنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ چھت گرنے اور دیگر واقعات میں 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔