Saturday, April 20, 2024

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب آگئے

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب آگئے
July 20, 2021

اسلام آباد / راولپنڈی / لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش، گرمی وحبس کا روز ٹوٹ گیا، نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ 

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے حبس کی چھُٹی ہوگئی، مگر نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ سڑکیں اورگلیاں، ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، میانوالی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ میں موسلا دھار بارش سے ہر طرف پانی پانی ہو گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلا دھار بارش نے حبس کا زور تو توڑ دیا مگر انتظامیہ کے نکاسی کے دعوے ڈبو دیئے۔ بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، چائنہ اسکیم میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 6 افرادزخمی ہوگئے۔

فیصل آباد میں رات بھر ہونے والی بارش نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، مجموعی طور پر 80 ملی میٹر سے زائد بارش کے باعث واسا کا بوسیدہ نظام بھی جواب دے گیا، جبکہ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔

واسا انتظامیہ غائب، عوام کو رلنے کے لیے چھوڑ دیا۔ ذرائع کے مطابق نکاسی آب کا بوسیدہ نظام صرف 40 ملی بارش کی استعداد رکھتا ہے۔

صنعتی شہر فیصل آباد میں بارش کے باعث جھال اور کشمیر انڈر پاس میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔ کینال روڈ، سمندری روڈ، جیل روڈ، ستیانہ روڈ پر بھی کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ جھنگ روڈ پر کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ کئی سڑکوں پر گٹروں کے ڈھکن غائب ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہے۔

گوجرانوالہ میں رات گئے سے شروع ہونے والی بارش سے حبس کا خاتمہ ہوگیا، مسلسل بارش سے سڑکیں اورگلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

قصور اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور تو ٹوٹ گیا مگر بجلی غائب ہوگئی۔

کوٹ رادھاکشن میں ہلکی بارش ہوئی اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

حافظ آباد اورگردونواح میں بھی موسلادھاربارش سے سڑکیں ڈوب گئیں۔ ننکانہ صاحب میں موسلادھاربارش نے نشیبی علاقے ڈبودیئے۔

سانگلہ ہل میں موسلادھاربارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، شرقپور شریف اور گردونواح میں بارش سے گرمی کا زور تو ٹوٹا مگر بجلی بھی بند ہوگئی۔ 

ادھر کراچی میں آج صبح سے ہی موسم خوشگوار ہے، بادلوں نے شہر بھر میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، وقفے وقفے سے ہلکی ہلکی بارش ہورہی ہے۔

قائدآباد، لانڈھی، ملیر، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، کھارادر میں ہلکی بارش ہوئی، گلستان جوہر،گلشن اقبال، عزیزآباد اور ناظم آباد میں بھی ابرکرم برس پڑا۔

بارش سے موسم خوشگوار، لیکن مسائل کے انبار لگ گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہونے سے شہری پریشان ہیں،

محکمہ موسمیات کے مطابق 23 جولائی سے سندھ میں مون سون کے دوسرے اسپیل کا امکان ہے۔