Friday, April 26, 2024

لبیک اللھم لبیک، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا

لبیک اللھم لبیک، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا
July 19, 2021

مکہ (92 نیوز) لبیک اللھم لبیک، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا گیا۔ عازمین منیٰ سے میدان عرفات پہنچے، نمازِظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی۔

عازمین حج کی سہولت کے لئے سعودی حکام نے غیرمعمولی اقدامات کئے۔ منی جہاں خیموں کا شہر آباد ہوتا تھا، وہاں اس سال بھی ایک حصہ آباد ہوگا۔

حجاج کے لیے چھ ٹاورز اور 71 کیمپ یونٹس مخصوص کیے گئے ہیں، ٹاورز میں پانچ ہزار جبکہ خیموں میں 55 ہزار حجاج قیام کریں گے۔

خیموں اور رہائشی ٹاورز میں کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ تمام اداروں کے اہلکاروں نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

بجلی کی وائرنگ سمیت تمام انتظامات سلامتی ضوابط کے مطابق کیے گئے ہیں۔ میدان عرفات میں خیموں کا کل رقبہ تین لاکھ مربع میٹر ہے، ہر حاجی کے لیے پانچ میٹر کے لگ بھگ جگہ مختص کی گئی ہے۔ میدان عرفات بھی حجاج کے استقبال کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔

وزارت حج نے مکہ مکرمہ میں حجاج کے لیے چار استقبالیہ کیمپ لگائے جن میں النوریہ ، الزایدی،الشرائع اور الھدا شامل ہیں۔

حجاج کے استقبال کے لیے بھی تین مراحل متعین کیے گئے، پہلے مرحلے میں حجاج کے پرمٹ چیک کیے گئے۔ اسمارٹ کارڈ اسکین کرکے طواف قدوم کے لیے مسجد الحرام لے جایا گیا۔

اپنی گاڑی میں آنے والے حجاج پہلے مقررہ سینٹر پہنچے جہاں پرمٹ چیک کیے گئے۔ کمپنی کی مخصوص بسوں کے ذریعے مسجد الحرام لے جایا گیا، سامان متعلقہ کمپنی منی میں ان کے مخصوص خیموں میں پہنچانے کی ذمہ دار تھی۔

حرم مکی میں ساؤنڈ سسٹم کو فعال کردیا گیا، مسجد الحرام کے صحن اور دیگر مقامات کی مسلسل سینیٹائزنگ ہوچکی ہے۔ بچھائی گئی صفوں کو بھی سینیٹائز کرنے کے بعد خصوصی خوشبو سے معطر کردیا گیا۔

مسجد الحرام آنے والوں کےلیے 500 سینیٹائزنگ یونٹس نصب کیے گئے ہیں۔ 11 سینیٹائزر روبوٹس کے علاوہ 20 بائیوکیئرآلات بھی لگائے گئے ہیں۔