Saturday, April 20, 2024

اے لوگو! اللہ تعالی سے ڈرتے رہو، پرہیز گاری اختیار کرو اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرو، امام کعبہ

اے لوگو!  اللہ تعالی سے ڈرتے رہو، پرہیز گاری اختیار کرو اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرو، امام کعبہ
July 19, 2021

مکہ (92 نیوز) امام کعبہ الشیخ بندر بن عبدالعزیز نے خطبہ حج میں کہا، اے لوگو! اللہ تعالی سے ڈرتے رہو، پرہیز گاری اختیار کرو اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرو۔

امام کعبہ الشیخ بندر بن عبدالعزیز نے کہا، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، حضورﷺ آخری نبی ہیں، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ رمضان کے روزے مسلمانوں پر فرض کئے گئے ہیں، اے اہل ایمان تقویٰ اختیار کرو، اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے وہ تمہیں دیکھ رہا ہے، اللہ کی عبادت کرو، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ،ٓپس میں مساوات کرو اور زمین پر فساد نہ پھیلاؤ۔

امام کعبہ نے کہا، ہمسایوں کے حقوق ادا کرو اور والدین سے صلہ رحمی کرو، لوگوں کی بُرائی کا جواب بھی اچھے انداز میں دو، بےشک اللہ تعالی تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا اور کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔

اُنہوں نے کہا، لوگو! نماز قائم کرو اور ناپ تول پورا پورا کیا کرو، یتیم کا مال، مزدور کا حق نہ کھاؤ، اللہ اور اس کے فرشتوں پر ایمان لاؤ، اللہ نے رسول ﷺ کی اطاعت کرنے کا حکم دیا، اللہ قرض حسنہ کو قیامت کے دن کئی گنا بڑھا کرواپس کرے گا۔ شیطان مسلمانوں کا سب سے بڑا دشمن ہے۔

امام کعبہ نے کہا، قرآن مجید ہی کلام ہدایت ہے، جب اللہ کی طرف بلایا جائے تو اچھی گفتگو کیا کرو، اللہ نے والدین، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کیساتھ حسن سلوک کا حکم دیا، اللہ کہتا ہے شیطان کی پیروی سے بچو، جو بھی احسان کرتا ہے اللہ اسے درجہ محسنین پر فائز کرتا ہے۔

خطبہ حج دیتے ہوئے کہا، آج پھر معاشرت اور معیشت میں رسولﷺ کی پیروی کی ضرورت ہے، ملکی قوانین کا احترام کرو، فتنوں سے بچو، اپنے دستر خوان وسیع کرو، حقیقی کامیابی آخرت کی کامیابی ہے، تمام انبیاء نے انسانیت کی تعلیم دی ہے، اللہ نے حضورﷺ کی ذات کو اسوہ حسنہ قرار دیا ہے۔ دشمن کے ساتھ اچھا سلوک کرو تاکہ وہ تمہارے دوست بن جائیں۔ اللہ نے انسان اور جنات کو صرف اورصرف اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا ہے۔ مسائل اور تکالیف پر صبر کرو، اللہ نے دین اسلام کو کامل کردیا۔

امام کعبہ الشیخ بندر بن عبدالعزیز نے کہا، اللہ نے فرمایا میری رحمت میرے عذاب پر غالب ہے، اللہ نے فرمایا متقی کے لئے جنت کی خوشخبری ہے، اللہ نے انسان کو ہر شے سے زیادہ خوبصورت بنایا ہے، یتیموں، مسکینوں اور کمزوروں کے ساتھ حسن سلوک کرو، اپنے وعدوں کو اللہ کی رضا کے لئے پورا کرو، اللہ نے فرمایا شیطان تمہیں گمراہ کرنے کی کوشش کرے گا۔  جانور کو اچھے طریقے سے ذبح کرو، اسے تکلیف نہ دو، دنیا میں احسان کرنے والوں کا آخرت میں بھلا ہوگا، اللہ کا فرمان ہے خود پر ظلم کرنیوالوں کے لئے توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔