Friday, March 29, 2024

کراچی، کالعدم تحریک طالبان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار

کراچی، کالعدم تحریک طالبان سجناں گروپ کے 2 دہشت گرد گرفتار
July 19, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں پولیس نے کالعدم تحریک طالبان کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزمان دہشتگردی اور بھتہ خواری کی وارداتوں میں ملوث ہیں، گلستان جوہر میں شہری کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

اسٹیل ٹاؤن پولیس کی کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے دو دہشتگرد گرفتار ہوئے، ملزم سیف اللہ عرف محسن عرف صدام حسین اور بلال کا تعلق سجناں گروپ سے ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہیں۔ ملزمان سے شارٹ مشین گن، دستی بم اور دیگر سامان ملا ہے۔

ملزمان بھتہ لیکر سجناں گروپ کےکمانڈر فخرالدین عرف ملنگ کو دیتے تھے۔ ملزمان نے دوہزار تیرا میں منگھوپیر میں نیٹو کے کنٹینر کو بھی آگ لگائی تھی۔

گلستان جوہر بلاک آٹھ میں گذشتہ روز قتل کئے جانے والے شہری اظہر اقبال کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں مقول کے بھتیجے کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں رفعت زمان کیانی، خالد کیانی اور دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔

اوباش نوجوان دن دھاڑے خواتین کو ہراساں کرنے لگے۔ شارع فیصل پر موٹرسائیکل سوار نوجوانوں نے رکشے میں سوار خاتون کا پیچھا کیا، ایک نوجوان نے رکشہ رکوانے کی بھی کوشش کی۔

خاتون نے اوباش نوجوانوں کی حرکتوں کی ویڈیو بنالی اورسوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔

خاتون کے مطابق وہ ٹیچر ہیں اور یہ لڑکے انہیں ہراساں کررہے تھے۔