Thursday, April 25, 2024

ڈیرہ غازی خان، بس اور ٹرالر میں تصادم، 30 افراد جاں بحق، 40 سے زیادہ زخمی

ڈیرہ غازی خان، بس اور ٹرالر میں تصادم، 30 افراد جاں بحق، 40 سے زیادہ زخمی
July 19, 2021

ڈیرہ غازی خان (92 نیوز) ڈیرہ غازی خان میں تونسہ روڈ انڈس ہائی وے پر اوور لوڈ بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم میں عید کی خوشیاں منانے کیلئے گھر جانے والے کئی غریب خاندانوں کے چراغ بجھ گئے۔ افسوسناک واقعہ میں تیس افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔

ڈیرہ غازی خان میں علی الصبح انتہائی افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیالکوٹ سے راجن پور جانے والی مسافر بس ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ روڈ پر سامنے سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا الٹ گئی۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیموں نے امدادی کاروائیوں کا آغاز کر دیا، افسوسناک واقعے میں تیس افراد جاں بحق جبکہ چالیس افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ٹیچنگ اسپتال ڈی جی خان پہنچا دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

بس حادثہ میں زیادہ افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی بڑی وجہ بس پر مسافروں کا اوور لوڈ بتایا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس میں چالیس مسافروں کی گنجائش تھی لیکن عید کی وجہ سے بس انتظامیہ نے 120 سے زیادہ مزدوروں کو چھت سمیت بس سوار کر دیا۔ جاں بحق افراد میں بیشتر کا تعلق راجن پور سے ہے جو مزدوری کے سلسلے میں سیالکوٹ کام کرتے تھے اور اپنوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے گھروں کو جا رہے تھے کہ المناک حادثے کا شکار ہوگئے۔

انتظامیہ کے مطابق لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں ہیں اس موقع پر رقت انگیز مناظر دیکھنے کو آئے جبکہ زخمیوں کا علاج جاری ہے۔