Thursday, April 25, 2024

بھارتی وزیراعظم کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے میں ناکام رہے گا ، وزیر اعظم عمران خان

بھارتی وزیراعظم کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے میں ناکام رہے گا ، وزیر اعظم عمران خان
July 18, 2021

میر پور (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کشمیر کی آزادی کا دن دور نہیں۔ بھارتی وزیراعظم کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے میں ناکام رہے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے میر پور میں جلسے سے خطاب میں کشمیریوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کشمیر کا مقدمہ پوری دنیا میں اٹھایا جس پر مجھے فخر ہے۔ 50 سال بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا نام لیا گیا۔ میں نے کشمیر کا نام اس لیے نہیں لیا کہ مجھے کوئی ووٹ چاہئے تھا۔ میں نے کشمیر کا نام اس لیے لیا کیونکہ کشمیریوں نے کبھی ہار نہیں مانی۔ میں نے بچپن میں ہی فیصلہ کیا تھا جب بھی مجھے موقع ملا پوری دنیا میں کشمیر کا مقدمہ لڑوں گا۔ میں نے کشمیر کا مقدمہ دنیا بھر میں ہر فورم پر لڑا۔ میں نے دنیا کو بتایا ہندوستان میں آر ایس ایس کی حکومت ہے۔ نسل پرست ہندو ہندوستان کی اقلیتوں کو برابر کے شہری نہیں مانتے۔ ہٹلر کا جونظریہ تھا آر ایس ایس بھی اسی نظریے کو لے کر چلی۔ آر ایس ایس صرف مسلمانوں پر ہی ظلم نہیں کر رہی، سکھوں اور مسیحیوں پر بھی ظلم کر رہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا بھارتی حکومت سمجھتی ہے کشمیری برابر کے انسان نہیں۔ مودی سمجھتا ہے ڈنڈا دکھانے پر کشمیری گھٹنے ٹیک دیں گے۔ بھارت نے 8 لاکھ فوج 90 لاکھ کشمیریوں پر لا کر بٹھا دی۔ کوئی اور قوم ہوتی تو وہ اب تک گھٹنے ٹیک چکی ہوتی۔ میں کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کشمیری لا الہ الااللہ کو ماننے والی قوم ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو پیغام دیتا ہوں، آپ نے صرف پاکستانیوں کا ہی نہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اللہ کا وعدہ ہے ہر مشکل کے بعد میں آسانی پیدا کرتا ہوں۔ یہ کشمیریوں کے لیے خوشخبری ہے، جس صبر کا آپ نے مظاہرہ کیا وہ دن دور نہیں جب کشمیر کو آزادی ملے گی۔ میں بھارت سے کہتا ہوں وہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے میں ناکام رہے گا۔ اس ایشو کو پاکستان دنیا کے ہر فورم میں اٹھائے گا۔

وزیراعظم بولے 25 جولائی کو یہ ضرور دیکھنا کہ جس پارٹی کو ووٹ ڈال رہے ہیں اس کا سربراہ صادق اور امین ہے یا چور ہے۔ جتنا مرضی ایماندار امیدوار ہو اگر جماعت کا سربراہ کرپٹ اور منی لانڈرر ہو، چوری کرکے پیسہ لندن لے گیا ہو، وہ پارٹی ہی دو نمبر اور کرپٹ ہو گی۔

عمران خان کا کہنا تھا ووٹ دیتے وقت خاندان، قبیلے اور دوستی کو نہ دیکھیں۔ اس طرح ہمارا ملک کبھی عظیم ملک نہیں بنے گا۔ 25 جولائی کو برادری اور دوستیوں سے بڑھ کر سوچنا۔ صرف یہ دیکھنا جس امیدوار کو آپ ووٹ دے رہے ہیں اس کا لیڈر صادق اور امین ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے طاقتور کو قانون کے نیچے لے کر آنا ہے۔ ہم نے قانون کی حکمرانی قائم کرنی ہے۔ ہم نے ظلم کا نظام ختم کرنا ہے۔