Tuesday, April 23, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صادق سنجرانی کی قیادت میں سینیٹرز کے وفد کی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صادق سنجرانی کی قیادت میں سینیٹرز کے وفد کی ملاقات
July 17, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی قیادت میں سینیٹرز کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر دلاور خان اور سینیٹر سرفراز بگٹی شامل تھے۔  ملاقات میں سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور وفد نے پنجاب کا بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلی عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا۔ انہوں نے وزیر اعلی عثمان بزدار کے ہر ضلع کی یکساں ترقی کیلئے خصوصی ڈویلپمنٹ پیکیج کے اقدام کی تعریف کی۔ چیئرمین سینٹ اور وفد نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کیلئے بھرپور تعاون پر زور دیا۔

 اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا پاکستان کی ساری اکائیاں ایک لڑی میں پروئی ہوئی ہیں ۔ ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔ پنجاب کے ساتھ دیگر صوبے بھی ترقی کریں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ ترقی کے سفر میں اپنے بھائیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ۔ پنجاب اور بلوچستان کے لوگ ایک دوسرے سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں۔ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کے مسائل ہمارے مسائل ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیئرمین سینیٹ اور وفد کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور سماجی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے سینٹ کی کارروائی کو احسن انداز سے چلانے پر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے کردار کو سراہا۔

 صادق سنجرانی کا کہنا تھا وزیراعلیٰ نے بین الصوبائی ہم آہنگی کے لئے قابل تحسین اقدامات کئے ہیں۔ بلوچستان کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اقدامات ہر لحاظ سے قابل تعریف ہیں۔ ملکی ترقی کیلئے وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ایوان بالا اس حوالے سے اپنا کلیدی کردارادا کرتا رہے گا۔