Friday, April 26, 2024

طالبان فتح کے قریب ہیں، پاکستان کی کیوں سنیں گے؟، وزیراعظم عمران خان

طالبان فتح کے قریب ہیں، پاکستان کی کیوں سنیں گے؟، وزیراعظم عمران خان
July 16, 2021

تاشقند (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا، طالبان فتح کے قریب ہیں، پاکستان کی کیوں سنیں گے؟۔ 

وزیراعظم عمران خان نے تاشقند میں وسطی اور جنوبی ایشیائی ممالک کی کانفرنس سے خطاب میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر سوال اٹھا دئیے۔

اُنہوں نے کہا، امریکا کو اس وقت مذاکرات کرنا چاہیے تھے جب نیٹو فوج افغانستان میں تھی، افغانستان کی جانب سے پاکستان پر الزامات پر دکھ ہوتا ہے، پاکستان مزید افغان مہاجرین کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ افغان تنازع کا حل ایسے سیاسی عمل میں ہے جس کی قیادت افغان خود کریں۔

اُن کا کہنا تھا، افغانستان کی جانب سے پاکستان پر الزامات پر دکھ ہوتا ہے، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے سب سے زیادہ کردار پاکستان نے ادا کیا۔

وزیراعظم نے تاشقند میں وسطی اور جنوبی ایشیائی ممالک کی کانفرنس سے خطاب میں افغانستان میں بدامنی کے باعث مہاجرین کے خدشے سے آگاہ کیا۔ یہ بھی کہا کہ پاکستان مزید افغان مہاجرین کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

وزیراعظم عمران خان سے یورپی یونین کے نمائندہ برائے خارجہ امور و سکیورٹی پالیسی جوزف بوریل کی ملاقات بھی ہوئی،، وزیراعظم نے پاکستان کی افغان امن عمل میں اہم شراکت پر روشنی ڈالی، کہا کہ افغان تنازع کا حل ایسے سیاسی عمل میں ہے جس کی قیادت افغان خود کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے ثمرقند میں امام بخاریؒ کے مزار پر حاضری دی، ازبک وزیراعظم بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم عمران خان کو مزار کی توسیع کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ عمران خان نے امیر تیمور کے مقبرہ پر بھی حاضری دی۔