Tuesday, March 19, 2024

کورونا کی مختلف اقسام کا ڈیٹا اسپتالوں کے پاس نہیں ہوتا، فیصل سلطان

کورونا کی مختلف اقسام کا ڈیٹا اسپتالوں کے پاس نہیں ہوتا، فیصل سلطان
July 15, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا کی مختلف اقسام کا ڈیٹا اسپتالوں کے پاس نہیں ہوتا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا چیئرمین ہمایوں خان مہمند کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے بریفنگ دی، بتایا کہ کورونا کی مختلف اقسام کا ڈیٹا این سی او سی کے پاس ہے۔ ڈیلٹا ویری اینٹ کے کیسز اسلام آباد، کراچی میں بھی رپورٹ ہوئے ہیں، مجموعی طور پر کتنے کیس ہیں، اس کو نمبر کی صورت میں بتانا ممکن نہیں۔

رکن کمیٹی روبینہ خالد نے جعلی ادویات کا معاملہ اٹھایا، کہا کہ ملک میں دواوں کے معیار کے بہت مسائل ہیں، 2 نمبر، 3 نمبر دوائیں ملتی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں پشاور میں کل واقعہ ہوا جعلی دوا کا، اس کی رپورٹ دی جائے۔

اُنہوں نے ڈریپ حکام سے سوال کیا کہ ہمارے ملک کی نیشنل کنٹرول لیبارٹری ابھی کس لیول پہ ہے؟ جس کے جواب میں ڈریپ حکام نے بتایا کہ ہماری لیبارٹری ابھی 2 نمبر لیول پر ہے، جس پہ روبینہ خالد نے استفسار کیا کہ ہماری لیبارٹری کا معیار ہی 2 نمبر ہر ہے، کیسے وہ عالمی ادارہ صحت کے معیار پہ پورا اترتی ہے۔

کمیٹی چیئرمین نے پشاور میں جعلی دواوں والے معاملے کی رپورٹ ڈریپ سے طلب کر لی۔