Saturday, April 20, 2024

سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کا شورشرابہ ، چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ

سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کا شورشرابہ ، چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ
July 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے شورشرابہ کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔ چیئرمین سینیٹ سیٹوں پر بیٹھنے کی تلقین کرتے رہے۔

 چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس ہوا۔ اجلاس شروع ہونے پر اپوزیشن نے علی امین گنڈاپور کے بیان کےخلاف احتجاج کیا۔ رضا ربانی بولے کل بدزبان حکومت کے ایک بدزبان وزیر نے بھٹو صاحب کو غدار کہا ۔ بھٹو کے بارے میں الفاظ اس شخص نے کہے جو شہد پیتا ہے۔ اس شخص کے لئے آپ یہ الفاظ کہتے ہیں۔ جس شخص نے لاہور میں تمام مسلم ممالک کواکٹھا کیا اسکو آپ غدارکہتے ہیں۔ اگر یہی جاری رہا تو یہاں کوئی محفوظ نہیں رہے گا۔

رضا ربانی بولے ان کا تو کچھ نہیں یہ تو ملک چھوڑ کر چلے جائیں گے۔ جیسے انکا وزیر خزانہ چھوڑ کر چلا گیا۔ بدزبانی کی سرکار ، غندہ گردی کی سرکار نہیں چلے گی۔

شیری رحمن بولیں یہ ہوتے کون ہیں غداری کا سرٹیفکیٹ دینے والے۔ ہم ایسی زبان قبول نہیں کریں گے۔ وہ وزیر جس کے اوپر پرچہ ہوا ہے وہ ماحول آلودہ کر رہے ہیں۔ یہ ہوتے کون ہیں غداری کا سرٹیفکیٹ دینے والے۔ یہ بات بالکل قابل قبول نہیں۔ جس نے ایٹمی پروگرام دیا، اس ملک کو یہاں تک پہنچایا اس کو غدار کہا جا رہا ہے۔

 اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ نے ایوان میں مختلف وزارتوں کے افسران کی غیر موجودگی کا سختی سے نوٹس کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا سینیٹ اجلاس میں ایف بی آر کے افسر کے علاوہ کوئی افسر موجود نہیں۔ جن وزارتوں کے سوالات ہے، ان وزارت کے افسران کیوں موجود نہیں؟ علی محمد خان صاحب آپ پارلیمانی امور کے وزیر ہے، افسران یہاں کیوں موجود نہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا آئندہ اجلاس میں سیکرٹریز یہاں موجود ہو۔