Thursday, March 28, 2024

سندھ میں مون سون کی انٹری، کراچی، حیدرآباد میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا

سندھ میں مون سون کی انٹری، کراچی، حیدرآباد میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا
July 12, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ میں مون سون کی انٹری، کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں موسم گرما کی پہلی بارش برس گئی۔

شہر قائد میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، صبح سویرے بادل ائے اور چم چم برسنے لگے۔ بادلوں کے ڈھیرے اور برستے پانی نےموسم خوشگوار کردیا۔ پھول اور پودے بھی دھل کر نکھر گئے۔

گلشن حدید، بلدیہ ٹاؤن، لیاری، کورنگی، عیسی نگری، ملیر سمیت ملحقہ علاقوں میں بادل برسے، آسمان سے بوندیں گرتے ہی بجلی چلی گئی، سپرہائی وے مویشی منڈی میں بھی بادل برسے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا،

بارش کی بوندیں گرتے ہی کراچی کے مختلف علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔ مختلف علاقوں کی بجلی بند ہوگئی۔ لانڈھی، ملیر، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر کے مختلف علاقے بجلی سےمحروم ہوگئے۔ اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، کھارادر، کیماڑی، لیاری اور لائینزایریا میں بھی بجلی غائب رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلشن حدید میں سترہ ملی میڑ نوریا آباد میں آٹھ ملی میٹر پی اےایف فیصل میں پانچ ملی میٹر یونیورسٹی روڈ میں چار ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر حیدرآباد میں بھی بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، لیکن حیسکو کی نااہلی کے سبب شہری زیادہ دیرخوش نہ رہ سکے اور شہر کے بیشترعلاقوں کی بجلی بند ہوگئی۔

ٹھٹھہ میں بھی بارش ہوئی کبھی تیز اورکبھی ہلکی بارش نےموسم خوشگوار کردیا۔

میرپورخاص میں بھی بادل نے خوب رنگ دیکھایا، شہر میں جل تھل ایک ہوگیا۔