Friday, March 29, 2024

آرمی چیف سے چینی سفیر اور قطری نمائندہ خصوصی کی ملاقات، اہم اُمور پر تبادلہ خیال

آرمی چیف سے چینی سفیر اور قطری نمائندہ خصوصی کی ملاقات، اہم اُمور پر تبادلہ خیال
July 9, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر اور قطر کے نمائندہ خصوصی کی علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی، آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے سفیر نونگ رونگ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں چین، پاکستان اقتصادی راہداری پر تازہ ترین پیشرفت بھی زیر غور آئی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کورونا وباء کے دوران غیر متزلزل تعاون پر چینی سفیر سے اظہار تشکر کیا۔ چینی سفیر نے خطے کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کیا اور سراہا۔

دوسری جانب قطر کے نمائندہ خصوصی مطلق بن ماجد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قطر کے نمائندہ خصوصی کی ملاقات ہوئی، پاک، قطر تعلقات، افغان امن عمل، علاقائی امن و سلامتی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

آرمی چیف نے افغان امن کے لیے قطر کی کاوشوں کو سراہا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا، امید ہے قطر خطے میں امن و استحکام کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔

اس موقع پر چیف قطری نمائندہ خصوصی نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔