Thursday, April 25, 2024

گوادر منصوبے بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالیں گے، وزیراعظم عمران خان

گوادر منصوبے بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالیں گے، وزیراعظم عمران خان
July 5, 2021

گوادر (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے گوادر شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا، کہتے ہیں، بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولیں ترجیح ہے۔ گوادر منصوبے بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالیں گے۔

گوادر منصوبوں کے فیز ٹو کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، آج گوادر کے 22 ایکڑ کے زون کو کھولا ہے اور سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے۔ پاکستان میں بہت سے علاقے بہت پیچھے رہ گئے، اس میں بلوچستان بھی شامل ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، وزیراعلیٰ بلوچستان اگر اردو میں تقریر کرتے تو ہمارے 90 فیصد پاکستانیوں کو بھی سمجھ آجاتی۔ وزیراعظم میں اسی لیے اردو میں تقریر کررہا ہوں تاکہ ہمارے 90 فیصد پاکستانیوں کو تقریر سمجھ آجائے۔

اُنہوں نے کہا، پاکستان عظیم ملک بننے جارہا ہے، گوادرمنصوبے بلوچستان کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالیں گے، پاکستان 60ء کی دہائی میں تیز ترین ترقی کرنے والے ممالک میں شامل تھا، پھر ہم نے غلطیاں کیں اور پیچھے رہ گئے۔ گوادر ایسا پوائنٹ بننے جا رہا ہے جس سے بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا، گوادر میں ترقیاتی کاموں کا پلان بہت عرصے سے بنا ہوا تھا لیکن کام نہیں ہورہا تھا، بڑی کمپنیاں یہاں سرمایہ کاری کریں، حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کوبھر پور معاونت فراہم کرے گی۔

عمران خان نے کہا، چینی سفیر کا خوبصورت تقریر پر شکریہ ادا کرتا ہوں، چین نے گوادر میں پانی اور بجلی کے منصوبے لگائے ہیں، ہم اب ایک ون ونڈو آپریشن کے اوپر جارہے ہیں، ماضی میں ایکسپورٹ پر توجہ نہیں دی گئی، ہم چاہتے ہیں بڑی کمپنیاں یہاں سرمایہ کاری کریں اور ایکسپورٹ بڑھے۔

اُنہوں نے کہا، وفاقی حکومت اور بلوچستان حکومت کی بہت اچھی کوآرڈینیشن ہے، اس کوآرڈینیشن کو مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں،  جب فوائد ملتے ہیں تو سرمایہ کار ایسے آتے ہیں جیسے شہد پر مکھیاں آتی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، چین سے دوستی کا ہمیں بہت زیادہ فائدہ ہے، چین معاشی طور پر دنیا میں اس وقت سب سے تیزی سے آگے جارہا ہے، چین سے بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں، گوادر کے لوگوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کرنے کی ضرورت ہے، گوادر میں جس طرح انڈسٹری میں اضافہ ہوگا اسی طرح ٹرینڈ اسٹاف کی ضرورت ہوگی، اس کے لیے گوادر میں ٹریننگ کالج بن رہا ہے۔ عالمی معیار کا اسپتال بھی بن رہا ہے۔

وزیراعظم بولے کہ، آج جتنے بھی منصوبوں کا اعلان ہوا ہے اس کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں گے، وزیراعظم ہاؤس سی پیک کے سب سے اہم سیکٹر گوادر کی براہ راست مانیٹرنگ کرے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان سے کہتا ہوں اب کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، کوئی بھی ملک اس وقت تک صحیح معنوں میں ترقی نہیں کرسکتا جب تک اس کا کوئی بھی علاقہ پیچھے نہ رہ جائے، بلوچستان کو 730 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ دیا جو تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ مزید کہا کہ، ہم طالبان سے بھی بات کررہے ہیں کہ افغانستان کا کسی طرح سیاسی حل نکل آئے۔