Thursday, April 25, 2024

سندھ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ایم کیو ایم سڑکوں پر آ گئی

سندھ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ایم کیو ایم سڑکوں پر آ گئی
July 3, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ایم کیو ایم سڑکوں پر آ گئی۔ ایکسپو سنٹر سے پریس کلب تک کراچی حقوق ریلی نکالی۔

ریلی ایکسپو سینٹر سے شروع ہوئی اور شارع فیصل سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچی۔ شہر کے مختلف علاقوں سے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے قافلے آکر شامل ہوتے رہے۔

ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بولے یہ سندھو دیش کے حامی ہیں۔ ہم شہری سندھ کے علاقوں کا مقدمہ لڑنے کیلئے دعوت دے رہے ہیں۔ جنوبی سندھ بہت جلد صوبہ بھی بن جائے گا۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا بھٹو نے ادھر تم ادھر ہم کا نعرہ لگا کر ملک توڑ دیا۔ یہ نعرہ آرٹیکل 6 کے تحت آتا ہے۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں زرداری صاحب کب سندھ آئے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا ہم بھٹو کے کرپٹ اور انتہا پسند پاکستان کو نہیں مانتے۔ ہم نے تمہیں تہذیب سکھائی، تم نے کوٹا سسٹم لگا کر دیہی اور شہری سندھ میں تقسیم کر دیا۔ دس سال میں کراچی نے سندھ کو اربوں روپے دیئے، ایک میگا پروجیکٹ نہیں ملا۔

کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا ہم نے کراچی کا مقدمہ ریاست اور حکومت کے سامنے رکھ دیا۔ جتنی مہلت دینی تھی دے دی۔ یہاں مقدمہ لگ رہا ہے ، عدالت سے فیصلہ لیں گے۔ نسل پرست، کرپٹ اور ملک دشمن سندھ حکومت کو پہلا نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔ چند دن بعد حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص اور نوابشاہ میں بھی ریلیاں نکلیں گی۔