Friday, April 26, 2024

منی لانڈرنگ ریفرنس ، ‏آصف زرداری احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش

منی لانڈرنگ ریفرنس ، ‏آصف زرداری احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش
June 29, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) منی لانڈرنگ ریفرنس میں آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے کیس میں سابق صدر ‏آصف زرداری احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہو گئے۔

آصفہ بھٹو بھی آصف علی زرداری کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں ۔ احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے کیس کی سماعت کی۔ آصف علی زرداری نے بطور ملزم عدالت میں حاضری لگائی ۔

فاروق ایچ نائیک نے آصف علی زرداری کی جانب سے وکالت نامہ جمع کرایا اور آصف زرداری کی ضمانت کا فیصلہ عدالت میں پیش کیا۔ نیب کی جانب سے آصف زرداری کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق احمد سے متعلق رپورٹ بھی پیش کر دی ۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا مشتاق احمد پوری تفتیش کے دوران بلانے پر پیش نہیں ہوا۔ ہماری اطلاعات کے مطابق مشتاق احمد 2015 سے بیرون ملک فرار ہے ۔ عدالت مشتاق احمد کے وارنٹ جاری کرے ۔

بعد ازاں عدالت نے آصف زرداری کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی  جبکہ شریک ملزم مشتاق احمد کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔

احتساب عدالت نے آصف زرداری کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 27 جولائی تک ملتوی کر دی۔