Friday, April 19, 2024

شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیز سے فراڈ کا پلان دیا، بابراعوان

شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیز سے فراڈ کا پلان دیا، بابراعوان
June 28, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مشیرپارلیمانی اُمور بابراعوان نے کہا، شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیز سے فراڈ کا پلان دیا، اپوزیشن آئین کے ساتھ کھلواڑ نہ کرے۔

سوموار کے روزاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعوان نے کہا، شہبازشریف نے پارلیمان کی بالا دستی کو ماننے سے انکار کردیا، حکومت پارلیمنٹ کو بالا دست سمجھتی اور تمام کام پارلیمنٹ کے ذریعے کرنا چاہتی ہے۔

اُنہوں نے کہا، اپوزیشن لیڈر ہمیشہ پتلی گلی تلاش کرتے ہیں، شہبازشریف کی مرضی سے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا فیصلہ نہیں کرینگے۔ اپوزیشن کے لیے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں،، سودے بازی چھوڑ کر بات چیت کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، آئین پاکستان میں بنیادی حقوق سے متصادم کوئی قانون سازی نہیں ہو سکتی، اپوزیشن پارلیمنٹ میں آئے کوئی پتلی گلی نہ ڈھونڈے۔ عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےساتھ ووٹ کا وعدہ پورا کریں گے۔

مشیرپارلیمانی اُمور بولے کہ، افغانستان کے مسئلہ پر پارلیمانی لیڈرز کواسی ہفتے بریفنگ دی جائیگی۔ عمران خان آئین کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں، جوڈیشل ریفارمز ہمارے ایجنڈے پر سرفہرست ہے۔

بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ، نوازشریف قانون کے سامنے سرینڈر کردیں، نوازشریف جب تک سرینڈر نہیں کرتے سپریم کورٹ بھی نہیں جا سکتے۔