Thursday, April 25, 2024

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ آصف کی ضمانت منظور

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ آصف کی ضمانت منظور
June 23, 2021

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کو لاہور ہائی کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا۔ عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ آصف کی ضمانت منظور کر لی۔

جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں  دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے دلائل  دیئے  کہ یو اے ای سے جو رقوم آئیں  ان کی منی ٹریل  دی اور نہ وہ ذرائع بتائے جن کے ذریعے رقم پاکستان آئی۔ یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ تنخواہ کیش لیتے تھے یا بنک کے ذریعے؟

عدالت نے قرار دیا کہ جو دستاویز نیب کو فائدہ دیتی ہے انہیں ریکارڈ کا حصہ بنا لیا جاتا ہے۔ جو خواجہ آصف کو فائدہ دے اسے نہیں بنایا۔ نیب اقامہ کو تسلیم کرتا ہے مگر اس کی شرائط کو نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ نیب نے خود اپنا موقف دو رپورٹس دے کر تبدیل کیا ہے۔ نیب افسران خود دفاتر میں بیٹھے رہتے ہیں مگر چاہتے ہیں کہ لوگ آکر خود سارے شواہد دیں۔

 خواجہ آصف  کے وکیل نے کہا کہ اقامہ صرف اسی صورت ملتا ہے جب رجسٹرڈ کمپنی نے جاری کیا ہو۔ عدالت نے وکلا کے دلاٸل مکمل ہونے پر خواجہ آصف کی ضمانت منظور کر لی۔

خواجہ آصف کو 29 دسمبر 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ خواجہ آصف نے درخواست ضمانت 27 مارچ 2021 کو دائر کی۔