Friday, April 19, 2024

سندھ میں بدترین کرپشن ہو رہی ہے ، مصطفی کمال

سندھ میں بدترین کرپشن ہو رہی ہے ، مصطفی کمال
June 23, 2021

کراچی (92 نیوز) پی ایس پی سربراہ مصطفی کمال کا کہنا ہے سندھ میں بدترین کرپشن ہو رہی ہے۔ بجٹ میں کراچی والوں کیلئے کچھ نہیں۔

مصطفی کمال نے دیگر رہنماوں کے ساتھ پاکستان ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا بجٹ کے نمبروں سے اعتبار ختم ہو گیا ہے۔ عام آدمی کے لئے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ وہ کراچی جس کی کمائی پر بلاول بھٹو وفاق کو آنکھ دکھا رہے ہیں، اس شہر کی ٹرانسپورٹ اور پانی کے لئے آواز نہیں اٹھاتے۔ سندھ میں ستر لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ تیرہ برسوں سے کراچی میں نئے پانی کی ایک بوند نہیں آئی۔ کوئی ایک نیا اسپتال، نئی یونیورسٹی یا ٹرانسپورٹ کی ایک نئی بس نہیں آئی۔

پی ایس پی چیئرمین نے کہا کہ پہلے کوٹہ سسٹم  کے خلاف تھے اب  کہتے ہیں کہ کوٹے پر ہی نوکریاں دے دو۔ ناانصافیوں اور محرومیوں کی وجہ سے عوام میں لاوا پک رہا ہے۔ ڈر ہے کہیں آتش فشاں بن کرنا پھٹے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کو دیکھ کر پنجاب کے وزیراعلی کی تعریف کرنا پڑ رہی ہے کیونکہ وزیراعلی پنجاب رشوت لیکر لوگوں کو بھرتی کرکے خزانے پر بوجھ نہیں ڈال رہے۔