Thursday, April 25, 2024

حکومت کی 3 ایئرپورٹس، 2 موٹرویز گروی رکھ کر 1800 ارب قرض لینے کی منظوری

حکومت کی 3 ایئرپورٹس، 2 موٹرویز گروی رکھ کر 1800 ارب قرض لینے کی منظوری
June 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت نے 3 ایئرپورٹس، 2 موٹرویز اور اسلام آباد ایکسپریس وے کو گروی رکھ کر 1800 ارب روپے قرض لینے کی منظوری دے دی۔

قرضوں کے بوجھ تلے دبے عوام پر حکومت نے مزید بھاری قرضوں کا بوجھ لادنے کی تیاریاں کر لیں۔ بیرونی قرضوں کی سب سے بڑی ناقد تحریک انصاف اقتدار میں آنے کے بعد بھاری قرضے اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

وفاقی حکومت کارِ سرکار چلانے کیلئے مزید قرض اُٹھائے گی اور اس قرض کے بدلے قومی اثاثے گروی رکھے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 1800 ارب روپے قرض لینے کی منظوری دی گئی۔ قرض کے حصول کیلئے موٹرویز اور ہوائی اڈے گروی رکھے جا رہے ہیں۔ 3 ائیرپورٹس، 2 موٹرویز اور اسلام آباد ایکسپریس وے کو گروی رکھا جائے گا۔ اسلام آباد، لاہور اور ملتان ائیرپورٹس، ایم تھری اور اسلام آباد چکوال موٹر وے کو بھی گروی رکھا جا رہا ہے۔

وفاقی حکومت قومی اثاثے گروی رکھوا کر 1800 ارب روپے کا بھاری قرضہ آئندہ مالی سال کیلئے لینا چاہتی ہے۔ اس سے قبل حکومت نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر قرض لینے کا پلان بنایا تھا جسے سخت عوامی و سیاسی رد عمل کے بعد منسوخ کرنا پڑا۔