Thursday, March 28, 2024

پی ایس ایل سکس ، کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دے دی

پی ایس ایل سکس ، کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دے دی
June 22, 2021

ابوظہبی (92 نیوز) جنوب کی شان ملتان سلطانز نے نئی تاریخ رقم کر دی۔ کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دے دی۔

پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیم اسلام آبادیونائیٹڈ بڑے مقابلے میں اعصاب کی جنگ ہار گئی ۔ کوالیفائر میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں 31 رنز سے شکست کھا گئی ۔

181رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی ٹیم آغاز میں ہی  مشکلات کا شکار نظر آئی ۔ پہلے اوور کی دوسری گیند پر ان فارم بیٹسمین کولن منرو کھاتے کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ کپتان شاداب خان  بھی صفر پر ہی  چلتے بنے۔

61 رنز پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی مگر عثمان خواجہ نے دوسرے اینڈ پر مزاحمت جاری  رکھی  اور ذمہ دارانہ بیٹنگ  کرتے ہوئے ٹیم کو جیت کی امید دلائی ۔ وہ  70 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 149رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ عمران طاہر نے 2، سہیل تنویر اور بلیسنگ موزاربانی  نے تین ، تین وکٹیں حاصل کرکے یونائیٹڈ کو دوسرے ایلی مینیٹر کی راہ دکھائی۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ صہیب مقصود 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ خوشدل شاہ نے 42 اور جانسن چارلس  نے 41 رنز  کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف اور شاداب خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔