Friday, April 19, 2024

سابق حکومت معیشت کا دیوالیہ نکال کر گئی، عمر ایوب

سابق حکومت معیشت کا دیوالیہ نکال کر گئی، عمر ایوب
June 21, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیراقتصادی اُمور عمر ایوب کہتے ہیں کہ، سابق حکومت معیشت کا دیوالیہ نکال کر گئی۔

وفاقی وزیر عمر ایوب نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ، 1200 میگاواٹ کے پاورپراجیکٹ میں 80 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ، ن لیگ نے توانائی کے منصوبوں میں گھپلے کئے، ایل این جی لانے کے لئے سابقہ پراجیکٹ بند کرکے مہنگے سودے کئے گئے۔ قطر کےساتھ ایل این جی کا 15سال کا معاہدہ کیا،10سال کےلئے قیمت فکس کردی گئی۔ قطرے سے نیا معاہدہ کرکے3.5 بلین ڈالر کی بچت کی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، مسلم لیگ (ن) نے جان بوجھ کر لوگوں کو بیوقوف بنایا، اس کے جھوٹ آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں۔ نندی پور پراجیکٹ کو پورا کرنے کے لئے داؤ لگایا گیا۔ توانائی کے منصوبوں میں اربوں روپے کا ٹیکا لگایا گیا۔

عمر ایوب بولے کہ، ن لیگ کی حکومت کے دوران منصوبہ بندی کمیشن کی رپورٹ تھی کہ پیپلز پارٹی نے درست منصوبہ بندی نہیں کی۔ سی پیک کے باوجود ن لیگ دور میں سرمایہ کاری نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر بولے کہ، ن لیگ تحریک انصاف کے لیے بارودی سرنگیں بچھا گئی، ن لیگ نے لوگوں کو نہ پانی دیا نہ سڑکیں دیں۔ قائد حزب اختلاف نے کہا تھا کہ جھوٹ بولنے پر جھک کر معافی مانگ لوں گا۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ، ن لیگ حکومت نے چار ہزار میگاواٹ رینیوایبل انرجی منصوبوں کو ختم کیا، تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی یہ پروجیکٹ بحال کیے۔ سولر انرجی کا یونٹ ساڑھے چھ روپے مقرر کیا۔ عمران خان نے 4000 ارب کا فائدہ دیا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ، صاف چلی شفاف چلی، تحریک انصاف چلی، ہم نے ن لیگ حکومت کے کھانچے بند کردیئے۔ توانائی کے تمام پراجیکٹس کے معاہدوں کو دوبارہ دیکھا ہے۔ 49 بلین روپے ٹرانسمیشن لائنز پر خرچ کیا ہے۔

عمرایوب کے توانائی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) پر تابڑ توڑ حملوں پر حکومتی ارکان انکی جذباتی تقریر پر ڈیسک بجا کر داد دیتے رہے۔ عمر ایوب بار بار ٹیکے اور چٹائی کا ذکر کرکے اپوزیشن پر طنز کرتے رہے۔