Friday, March 29, 2024

تحریک انصاف کو اگلے انتخابات میں پورے امیدوار نہیں ملیں گے ، ناصر حسین شاہ

تحریک انصاف کو اگلے انتخابات میں پورے امیدوار نہیں ملیں گے ، ناصر حسین شاہ
June 20, 2021

کراچی (92 نیوز) ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے تحریک انصاف کو اگلے انتخابات میں پورے امیدوار نہیں ملیں گے۔

فواد چوہدری کے بیان پر ناصر حسین شاہ نے ردعمل میں کہا نئے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پورے ملک میں امیدوار نہیں ملیں گے ۔ اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی اپنا سیاسی وجود کھو بیٹھے گی اور کرائے کے ترجمان بھاگ کر اپنے گھونسلوں میں چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا فواد چوہدری سندھ میں آکر وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف بیان دے کر اپنی فرسٹریشن نکالتے ہیں ۔ فواد چوہدری حلفیہ بتائیں کہ پورے ملک میں کونسا وزیراعلیٰ سب سے بہتر ہے۔ فواد چوہدری کو اگر فنڈز کی مانٹرنگ کرنی ہے تو جاکر کے پی کے میں کریں ۔ کے پی کے میں بی آرٹی اور مالم جبہ کی کرپشن فواد کو نظر نہیں آتی۔

 ادھر مرتضی وہاب کا کہنا تھا عمران خان صاحب نے 25 جولائی 2018 کے سلیکشن سے پہلے قوم کو سہانے خواب دکھائے تھے ۔ انہوں نے آئی ایم ایف نہ جانے کا وعدہ کیا تھا۔ تین سال گزرنے کے بعد ایک کروڑ نوکریاں نہیں ملیں۔ معیشت مضبوط ہوئی نہ کوئی ایک چیز ایسی ہوئی جس پر وعدے پر وفا کیا ہو۔ صرف ایک کام کیا ہے وہ ہے یو ٹرن ۔ 50 لاکھ گھر نہیں بنے، آپ نے خود کشی نہیں کی۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے کو ترجیح دی۔