Thursday, April 25, 2024

شہباز شریف کا چیف الیکشن کمشنر کو خط، انتخابی اصلاحات پر مشاورت کا مطالبہ

شہباز شریف کا چیف الیکشن کمشنر کو خط، انتخابی اصلاحات پر مشاورت کا مطالبہ
June 18, 2021

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں انتخابی اصلاحات پر مشاورت کا مطالبہ کردیا۔

قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ دیا، کہا کہ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کے تناظر میں انتخابی اصلاحات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے لکھا کہ، آئندہ عام انتخابات کے آزادانہ، غیر جانبدارانہ، شفاف اور کسی مداخلت کے بغیر انعقاد کے لئے یہ اصلاحات ضروری ہیں۔ موجودہ حکومت اپنا انتخابی اصلاحاتی ایجنڈا یک طرفہ اقدامات سے مسلط کرکے آئندہ انتخابات کو متنازعہ بنا رہی ہے۔

شہباز شریف نے لکھا کہ حکومت کی انتخابی اصلاحات آئین سے متصادم ہیں، حکومت نے متعلقہ فریقین سے کوئی مشاورت نہیں کی۔ الیکشن کمشن نے حالیہ الیکشن بلز پر بذات خود بھی سنگین تشویش کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں ان الیکشن بلز کو بلڈوز کرکے منظور کرایا گیا۔ بامعنی انتخابی اصلاحات میں اداروں کو اپنی رائے دینے کے علاوہ ذمہ داری لینا ہوگی تاکہ آزادنہ، شفاف انتخابات یقینی ہوں۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے. میں آپ پر زور دیتا ہوں کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مشاورت کے لئے بلائیں تاکہ اتفاق رائے پر مبنی پلان بن سکے. اس متفقہ پلان کو پارلیمنٹ میں منظوری کے لئے پیش کیاجاسکتا ہے، تاکہ مستقبل میں آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات منعقد ہوسکیں جو عوام کی حقیقی رائے کے مظہر ہوں۔