Wednesday, May 8, 2024

قوم منافق اپوزیشن ٹولے کے دوغلے چہروں کو پہچان چکی، وزیر اعلیٰ بزدار

قوم منافق اپوزیشن ٹولے کے دوغلے چہروں کو پہچان چکی، وزیر اعلیٰ بزدار
June 17, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ، قوم منافق اپوزیشن ٹولے کے دوغلے چہروں کو پہچان چکی۔

وزیر اعلی پنجاب کہتے ہیں گالی دینا پنجاب کی ثقافت نہیں بلکہ ن لیگ کے رہنماؤں کا کلچر ہے۔

روحیل اصغر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے بولے گالی کو پنجاب کی ثقافت قرار دینے والوں کو اپنے الفاظ کے چناؤ پر شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا، تاریخ گواہ ہے کہ اپوزیشن ٹولے نے ہمیشہ جمہوری، آئینی اور پارلیمانی روایات کو پامال کیا ان کی ڈھٹائی پر سب کے سر شرم سے جھک گئے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا پنجاب کے نئے بجٹ میں ہر شعبے پر فوکس کیا گیا، تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کیلئے خطیر فنڈز رکھے گئے ہیں۔

شاہکام چوک اوور ہیڈ بریج، گلاب دیوی اسپتال انڈر پاس اور شیرانوالہ گیٹ اوور ہیڈ بریج کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

وزیر اعلی نے کہا تاریخ میں پہلی بار افسران کی تعیناتیاں میرٹ پر ہوئیں،انتظامیہ اور پولیس افسران کو فرائض کی انجام دہی میں مکمل خود مختار بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ، ماضی کی حکومت نے ذاتی پسند و نا پسند کے کلچر کو فروغ دے کر افسران کی تقرریاں کیں جبکہ افسران سے تضحیک آمیز رویہ ان کا شیوہ تھا۔