Thursday, April 25, 2024

پی ٹی آئی حکومت غریب دشمن بجٹ کے حقائق چھپانے کے لیے اپوزیشن کی آواز دبا رہی ہے ، بلاول بھٹو

پی ٹی آئی حکومت غریب دشمن بجٹ کے حقائق چھپانے کے لیے اپوزیشن کی آواز دبا رہی ہے ، بلاول بھٹو
June 17, 2021

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے پی ٹی آئی حکومت غریب دشمن بجٹ کے حقائق چھپانے کے لیے اپوزیشن کی آواز دبا رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان نے بجٹ میں مزدور کی آمدنی بیس ہزار روپے مقرر کرکے سات سو ارب روپے کے ٹیکس لگائے۔ صرف ایک سال میں عام آدمی کی آمدنی میں سترہ فیصد کی کمی اور کھانے پینے کی اشیاء میں پچیس فیصد مہنگائی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے۔

پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا کہ ہر تین میں سے ایک بچہ غذائی قلت کا شکار ہے۔ اس کے باجود عمران خان نے دودھ اور اس سے وابستہ مصنوعات پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس لگا دیا۔ چالیس فیصد غربت کے شکار ملک میں ڈیری مصنوعات پر بھی سترہ فیصد سیلز ٹیکس بچوں کے قتل کے مترادف ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بجٹ کے نتیجے میں آٹا، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا ایک ایسا سونامی لائے گا جس کے بعد عوامی ردعمل کو روکنا عمران خان کے بس میں نہ ہو گا۔ یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی حکومت غریب دشمن بجٹ کے حقائق کو عوام سے چھپانے کے لئے اپوزیشن کی آواز دبا رہی ہے۔ عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کروا کر وہ بچ جائیں گے۔ بجٹ کا سارا کچاچٹھا عوام کے سامنے لاتے رہیں گے۔